خرطوم،20/جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا): سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو سراہتے ہوئے انہیں امتیازی اور مضبوط قرار دیا۔ انہوں نے مسلمانوں کی خدمت کے واسطے مملکت کی کوششوں کو گراں قدر جانتے ہوئے سوڈان کے لیے تمام شعبوں میں مستقل سپورٹ پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔سوڈانی ایوانِ صدارت سے جاری بیان میں صدر بشیر نے باور کرایا کہ سعودی عرب کی قیادت کے مطالبے پر آئندہ عرصے میں امریکی حکومت اور سرکاری اداروں کے ساتھ مثبت رابطے جاری رکھنے پر آمادہ ہیں۔ اس کا مقصد سوڈان پر عائد پابندیوں کو حتمی طور پر ختم کروانا، دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی فہرست سے سوڈان کے نام کو خارج کرانا اور دونوں ممالک کے درمیان قائم تمام اشکالات کو حل کرنا ہے۔واضح رہے کہ سوڈانی صدر نے کچھ عرصہ قبل واشنگٹن کے ساتھ سال بھر سے جاری مذاکرات کو اکتوبر تک معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔بیان کے مطابق،سوڈان اور سعودی عرب دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ کی اہمیت کو باور کراتے ہوئے اس کی فنڈنگ کو دنیا بھر میں پر امن معاشروں کے لیے سب سے بڑا خطرہ گردانتے ہیں۔ دونوں ممالک نے اس حوالے سے تمام بین الاقوامی قراردادوں کا پابند رہنے کی تصدیق کی۔